یلاپور،31؍جولائی (ایس او نیوز)اربیل گھاٹی کے پاس ایک ہفتہ پہلے چٹان کھسکنے کا جو واقعہ پیش آیا تھا اس کے بعد سڑک پر گرے ہوئے ملبہ کو ہٹانے اور ہیوی ٹریفک کے لئے راستہ صاف کرنے میں ہورہی تاخیر سے ٹرک اور ٹینکرس کے ڈرائیور مسلسل کئی دنوں سے سڑک کنارے گاڑیوں کی قطار لگا کر انتظار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔
عام طور پر اس گھاٹی پر واقع نیشنل ہائی وے 63 سے بڑی تعداد میں ممبئی پونہ اور گجرات کے علاوہ شمالی کرناٹکا کے مخلتف اضلاع سے سامان بھرے ٹینکر، ڈیزل، پیٹرول اور گیس کے ٹینکرس روزانہ گزرتے ہیں۔ لیکن پچھلے دنوں موسلا دھار برسات کے نتیجے میں اس علاقے میں تقریباً 10مقامات پر چٹان کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں ۔ اس سے یہاں پر ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے ۔ جتنے ٹرک یہاں پہنچ چکے تھے وہ سڑک کنارے کھڑے کر دئے گئے ہیں۔ فی الحال ایک ہزار سے زائد اس راستے پر رکے ہوئے ہیں ۔ ٹرک ڈرائیورس اور کلینرس بڑی بری حالت میں راستے پر ہی دن گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ان کے لئے نہانے دھونے کے علاوہ کھانے پینے اور راشن کی مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔
دوسری طرف شہروں سے مال لاد کر ٹرکس اس راستے سے دوسرے مقامات تک نہیں پہنچ رہے ہیں ۔ اس وجہ سے تجارتی سرگرمیوں پر بڑا اثر پڑ رہا ہے ۔ سڑک کنارے پڑے ہوئے ڈرائیورس اور کلینرس راستہ کھلنے کے انتظار سے تنگ آ گئے ہیں اور متعلقہ محکمہ جات اور افسران سے اس طرف فوری توجہ دینے کی اپیل کررہے ہیں۔